بسم اللہ الرحمن الرحیم
جامعہ انوار مدینہ کے قیام سے لے کر آج تک، پیر طریقت رہبر شریعت الحاج صوفی محمد شوکت علی قادری دامت برکاتہ القدسیہ کی سرپرستی میں میلاد النبی ﷺ کا روحانی جلوس ہر سال عقیدت و محبت کے ساتھ منعقد ہوتا رہا ہے۔
اس سال بھی یہ روحانی جلوس جامعہ انوار مدینہ سے شروع ہوا اور جی ٹی روڈ، موریہ پل اور شاہ محمد غوث دربار عالیہ سے ہوتا ہوا حضور شہنشاہِ ولایت حضرت داتا علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ کے دربار اقدس تک پہنچا۔ دربار عالیہ پر جامعہ کے روح رواں قبلہ پیر صوفی محمد شوکت علی قادری صاحب نے مرکزی دعا فرمائی۔
جلوس میں حضرت اپنے صاحبزادگان، ہزاروں مریدین اور ہر عمر کے افراد کے ہمراہ پیدل شریک ہوئے۔ جلوس کو منظم اور پُرامن انداز میں منزل تک پہنچانے میں جامعہ کی سیکیورٹی نے خصوصی کردار ادا کیا۔
خواتین کے لیے اس جلوس میں شرکت کی اجازت نہیں تھی، تاہم سالانہ محفل میلاد النبی ﷺ TTC سنٹر، ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، مغلپورہ میں منعقد ہوئی، جس میں جامعہ کی سینئر ٹیچرز اور دیگر جامعات سے تشریف لانے والی معلمات نے اصلاحی بیانات کے ذریعے مستورات کے قلوب و اذہان کو عشقِ رسول ﷺ سے منور کیا۔
راقم الحروف نے اس روح پرور منظر کو نہایت عقیدت و محبت کے ساتھ دیکھا۔ جب دنیا آرام کر رہی تھی، عاشقانِ رسول ﷺ اپنے مرشدِ گرامی کے ساتھ شب بیداری میں مصروف تھے، اور فجر کی نماز کے فوراً بعد مخلوقِ خدا کا ایک عظیم سمندر جلوس کی صورت میں اُمڈ آیا۔ ہر سال شرکاء کی بڑھتی ہوئی تعداد اس محبت اور عقیدت کا مظہر تھی۔